01 نومبر ، 2015
شارجہ .....شارجہ ٹیسٹ کے پہلے دن پاکستان ٹیم کا مایوس کن آغاز رہا ،شاہینوں کا ٹا پ کے 5بلے باز116رنز پر پویلین لوٹ گئے ،ادھر مشکل سے دوچار ٹیم کےکپتان مصباح الحق اور سرفراز احمد کی مزاحمت کے باعث چائے کے وقفے تک مجموعی اسکور148تک پہنچ گیا ہے ۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا،پاکستان کی طرف سے محمد حفیظ اور اظہر علی نے اننگ کا آغاز کیا ،پہلے بیٹنگ کا فیصلہ تیسرے ہی اوور میں غلط ثابت ہوا، جب5کے مجموعی اسکور پر ایک روزہ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی بنا کوئی رنز بنائے اینڈرسن کا شکار بن گئے ،49رنز پر محمد حفیظ معین علی کے ہاتھ وکٹ گنوا بیٹھے ،انہوں نے اسکور میں 27رنز کا اضافہ کیا تھا ۔
اوپنرز کے لوٹ جانے کے بعد شعیب ملک اور یونس خان نے مزاحمت شروع کی ،مگر 88 کے مجموعی اسکور پر شعیب ملک 38رنز بناکر براڈ کو وکٹ تھمادی،103کے اسکور پر قومی ٹیم کی طرف سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے یونس خان اینڈرسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے ،ان کا انفرادی اسکور 31رنز رہا ۔مشکل صورتحال میں کپتان مصباح الحق کا ساتھ دینے کیلئے اسد شفیق آئے مگر وہ بھی بڑا اسکور کرنے بجائے 5رنز بناکر پٹیل کی گیند پر کیچ آوٹ ہوگئے۔
اس وقت کپتان مصباح الحق 25اور سرفراز احمد 19پر کھیل رہے ہیں ،انگلینڈ کی طرف سے اینڈر سن نے 2،اسٹورٹ براڈ ،معین علی اور پٹیل نے 1،1کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی ۔آج سے شروع ہونیوالے ٹیسٹ میں کامیابی کیلئے انگلش کپتان اللسٹر کک نے ٹیم میں 3اسپنرز کو شامل کیا ہے۔ پاکستان نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی شان مسعود کی جگہ اظہر علی جبکہ عمران خان کی جگہ راحت علی کو شامل کیا گیا ہے۔
تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے، جو دوسرے ٹیسٹ میں 178 رنز کی جیت کی صورت میں ملی تھی۔اگر پاکستان شارجہ ٹیسٹ بھی جیتنے میں کامیاب ہوگیا تو وہ آئی سی سی کی عالمی ٹیسٹ رینکنگ میں دوسری پوزیشن حاصل کرلے گا۔