انٹرٹینمنٹ
05 نومبر ، 2015

میری ماں ہندواور باپ مسلمان تھے، ہم سب برابر ہیں: سلمان خان

 میری ماں ہندواور باپ مسلمان تھے، ہم سب برابر ہیں: سلمان خان

ممبئی......بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان نے ہندوستان میںبڑھتی ہوئی مذہبی انتہاپسندی اور مسلمانوں کو غیر ملک کا ایجنٹ قرار دیئے جانے کےپس منظر میں کہا ہے ان کا باپ مسلمان اور ماں ہندو تھی وہ آج مسلمان ہونے کے باوجود ایک ہندو لڑکی کے ساتھ بیٹھے ہیں۔

اپنی آنے والی فلم ’’ پریم رتن دھن پایو‘‘ کے گانے کی تقریب رونمائی کے بعد صحافیوں کو جواب دیتے ہوئے بالی ووڈ کے خان نے کہا وہ صرف ایک بات کہنا چاہتے ہیں اور وہ یہ ہے کہ ان کی ماں شیلا چرک اور باپ سلیم خان ہے جب کہ ان کے ساتھ بیٹھی صنم کپور ہندو ہے اور وہ خود مسلمان ہیں۔ ہم سب ایک ہیں، ہم میں کوئی فرق نہیں۔

صحافیوں نے جب بالی ووڈ کے خان سے بی جے پی رہنما ادتیہ ناتھ کے بیان پر تبصرہ کرنے کو کہا تب سلمان خان سے پہلےسونم کپور نے کہا کسی کیخلاف ثبوتوں کے بغیرالزام تراشی کرنا جرم ہے ۔ لوگ مذہب کے نام پر نفرت انگیز باتیں کرتے رہتے جو قابل نفرت عمل ہے۔ہم یہاں مذہب اور ذات پات کی باتیں کرنے نہیں آئے بلکہ ہم اپنے آنے والی فلم ’’ پریم رتن دھن پایو‘‘ کی بات کرنے آئے ہیں۔

یاد رہے بی جے پی رہنما ادتیہ ناتھ نے کہا تھا شاہ رخ خان اور حافظ سعید کی زبان میں کوئی فرق نہیں ہے جب کہ ہندو پریشد کی رہنما سادھوی پراچی نے شاہ رخ خان کو پاکستانی ایجنٹ قرار دیا تھا۔ اس سے پہلے کنگ خان نے اپنی پچاسویں سالگرہ پر ٹی وی انٹرویو میں کہا تھا بھارت میں بڑھتی ہوئی مذہبی انتہاپسندی انڈیا کے لئے بربادی ثابت ہوگی اور انہوں نےگوشت کھانے پر قتل وغارت کی مذمت کرنے سمیت تخلیقی کام کرنے والے لوگوں کی جانب سے ایوارڈز واپس کرنے کے عمل کی حمایت کی تھی۔

مزید خبریں :