انٹرٹینمنٹ
18 نومبر ، 2015

اوباما اور مشیل کی بائیوپک فلم’ساؤتھ سائیڈ وِدیُو‘کی پہلی جھلک

اوباما اور مشیل کی بائیوپک فلم’ساؤتھ سائیڈ وِدیُو‘کی پہلی جھلک

نیویارک ......امریکی صدر باراک اوباما اورخاتونِ اول مشیل اوباما کی پہلی ملاقات کی عکاسی کرتی نئی ہالی وڈ رومانٹک ڈرامہ فلم’ساؤتھ سائیڈ وِدیُو‘کی پہلی جھلک منظر عام پر آگئی ہے۔

ہدایتکاررچرڈ ٹینے کی اس فلم کی کہانی1989 کے ایک ایسے نوجوان کے گرد گھومتی ہے جس کی اپنی مستقبل کی جیون ساتھی سے پہلی بار شکاگو کے ایک پارک میں ملاقات ہوتی ہے اور یہاں سے اس کی زندگی میں کامیابیوں کے ایک نئے سفر کا آغاز ہو جاتا ہے اور وہ مستقبل میں دنیا کا طاقتور ترین شخص بن جاتا ہے۔

یہ نوجوان کوئی اور نہیں بلکہ امریکی صدر باراک اوباما تھے جو حیرت انگیز ذہنی ہم آہنگی اورپر کشش شخصیت کی مالک نوجوان مشیل سے پہلی ملاقات میں ہی ان کے دیوانے ہو گئے تھے اور اسی وقت اپنی پوری زندگی اس لڑکی کے ساتھ گزارنے کا تہیہ کر لیتے ہیں۔

گلینڈن پالمراوررچرڈ ٹینے کی مشترکہ پروڈکشن میں اوباما کا کردار ہالی وڈ اداکار پارکر سوئیرنبھا رہے ہیں جبکہ مشیل کے کردار میں اداکارہ ٹکاسمپٹرجلوہ گر ہونگی ، فلم کی دیگرکاسٹ میں ایلکس زیلنکا، جیروڈ ہیئنس، فریڈ نیئنس جونیئر، ڈونلڈ پال اورڈیانا ریڈ فوسٹر شامل ہیں۔

دو غیر معمولی افراد کی محبت کی داستان کی عکاسی کرتی یہ بائیوپک فلم اسٹیٹ اسٹریٹ پکچرز کے تحت آئندہ برس سنیما گھروں کی زینت بنائی جائیگی۔

مزید خبریں :