22 نومبر ، 2015
کراچی......متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فاروق ستار کا کہنا ہے کہ رینجرز اور پولیس کو نشانہ بناکر کراچی میں بلدیاتی انتخابات روکنے کی سازش کی جارہی ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کئی سیاسی جماعتوں نے مل کر اتحاد بنایا اور کالعدم تنظیموں کو بھی ملالیا ہے جبکہ انتخابی مہم میں حصہ لینے والے ایم کیوایم کے کارکنان کو گرفتار کیا جارہا ہے۔انھوں نے کہا کہ انتخابی مہم اپنے عروج پر ہے, کامیابی کے لیے اپنا ہوم ورک مکمل کرلیا ہے، ان شاء اللہ ایم کیوایم کو تاریخی فتح ملے گی ۔
فاروق ستار نے کہا کہ رینجرز پر حملے کے بعد ڈی جی رینجرز سے بات کی ہے اور شہادتوں پر افسوس کا اظہارکیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ڈی جی رینجرز کو فون کرکے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے اپنی مدد کی بھی پیش کی ہے۔