22 نومبر ، 2015
کراچی........رینجرزنے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرکے 33 ملزمان کو گرفتارکرلیا۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق بلدیہ ٹائون کے علاقے اتحاد ٹائون میں رینجرز نے چھاپے کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 6 دہشت گرد وں کو گرفتار کرکے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کرلیا۔ دو روز قبل اتحاد ٹائون میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے چار رینجرز اہلکار شہید ہوگئے تھے۔
لیاری اور مچھر کالونی میں بھی رینجرز نے کارروائی کرکے کالعدم ٹی ٹی پی کے 4 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں رینجرز نے سرچ آپریشن کے دوران 15 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ۔ گرفتارملزمان میں ٹارگٹ کلرز بھی شامل ہیں۔
ترجمان رینجرز کے مطابق کارروائیاں الفلاح، صفورا، سرجانی ٹائون، مارٹن کوارٹرز، رامسوامی، پی اینڈ ٹی کالونی میں ملزمان کی پناہ گاہوں پر کی گئیں۔ دوسری جانب رینجرزنے بلال کالونی، پیرآباد اور فرنٹیر کالونی میں کارروائی کر کے 5 دہشت گردو ں کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا۔