23 نومبر ، 2015
اسلام آباد......وزیراعظم نوازشریف نے کہاہے کہ پاکستان افغانستان کی درخواست پر امن و استحکام اور ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کوتیار ہے، یقین ہےکہ پرامن ،مستحکم ، خوشحال افغانستان پاکستان اور خطے کے مفاد میں ہے۔
وزیراعظم نوازشریف سے افغانستان کے وزیرخزانہ اکلیل احمد حکیمی نے وفد کے ہمراہ وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔اس دوران پاک افغان تعلقات اور دو طرفہ معاشی واقتصادی تعاون کے امور پر بات کی گئی۔
وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان افغانستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتاہے اور تمام ہمسایوں کے ساتھ پرامن اور خوشحالی کے وژن پر مبنی تعلقات چاہتا ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ افغان صد اشرف غنی کی قیادت میں پاک افغان تعلقات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں، جنہیں مزید مضبوط بنانے کی کوششیں کرنا ہوں گی۔
افغان وزیرخزانہ نے وزیر اعظم کو بتایا کہ افغان صدر آپ کے روڈ اور ریلوے ٹریک کے ذریعے خطے کو جوڑنے اورترقی کے وژن کے معترف ہیں،پاکستان کی افغانستان میں امن اور خوشحالی کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔