25 نومبر ، 2015
کراچی.......گزشتہ روز پاک فضائیہ کے طیارے کے حادثے میں شہید ہونے والی فلائنگ آفیسرمریم مختیار کو ملیر کینٹ کراچی کے آرمی قبرستان میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔
فلائنگ آفیسر مریم مختیار گزشتہ روز میانوالی میں کچہ گجرات کے مقام پر پاک فضائیہ کے طیارے ایف سیون کے حادثے میںشہید ہوگئی تھیں جبکہ اسکواڈرن لیڈر ثاقب عباسی زخمی ہوگئے تھے۔
مریم مختیار شہید کی تدفین سے قبل وزیر اعظم میاں نواز شریف نے ان کے والد کو فون کر کے تعزیت کی اور کہا کہ مریم آپ کی ہی نہیں پوری قوم کی بیٹی تھیں۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ مریم جیسی خواتین پوری قوم کیلئے رول ماڈل ہوتی ہیں۔پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان نے بھی اپنے تعزیتی پیغام میں دلی افسوس اور رنج کا اظہار کیا ہے۔
مریم مختیار کی نماز جنازہ اور تدفین میں ڈی جی رینجرز بلال اکبر کے علاوہ پاک فوج اور فضائیہ کے افسران بھی شریک تھے۔