30 نومبر ، 2015
اسلام آباد......وفاقی دارالحکومت میں تاریخ کے پہلے بلدیاتی انتخابات کا اکھاڑا آج سجے گا ،ساڑھے 6 لاکھ ووٹر امیدواروں کی قسمت کے فیصلے کے لیے آج حق رائے دہی استعمال کریں گے ،ووٹنگ صبح 7بجےسے شام ساڑھے 5 بجے تک ہو گی ۔
اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں فوج کے 625 سے زیادہ اہلکار ،رینجرز کے 700 ،ایف سی کے ایک ہزار اور پولیس کے 5 ہزار 800 اہلکار سیکیورٹی پر مامور ہوں گے۔ فوج کوئیک رسپانس فورس ہو گی،حساس علاقوں میں فوج فلیگ مارچ اور گشت بھی کرے گی۔
افسر شاہی کے شہر پر اب عوامی نمائندوں کا اختیارہونے والا ہے ۔اسلام آباد کے پہلے بلدیاتی انتخابات میں ووٹنگ کا عمل آج شروع ہو گا، ووٹر کو6بیلٹ پیپرملیں گے ، چیئرمین وائس چیئرمین کے چناؤ کے لئے ہلکا سبز، جنرل کونسل کے لئے سفید، خواتین ممبر کے لئے ہلکا گلابی،مزدور یا کسا ن کے لئے خاکی، نوجوان ممبر کے لئے سرمئی اور غیر مسلم لے لئے زرد رنگ کا بیلٹ پیپر رکھا گیا ہے۔
پولنگ بروقت شروع کروانے کے لئے پولنگ عملے کو صبح حاضری یقینی بنانے کے احکامات ملےہیںکہ پولنگ کا عملہ صبح 6 بجے حاضری یقینی بنائے، ہر صورت پولنگ7 بجے سٹارٹ ہو گی، ایک ووٹر کو 6 ووٹ کاسٹ کرنے ہیں ووٹر کو ٹائم لگے گا دیر سے پہنچنے والے عملہ کے خلاف بھی تادیبی کارروائی ہو گی۔
پولنگ اسٹیشنز کے اندر ووٹرز موبائل فون نہیں لے جا سکیں گے، البتہ اصل شناختی کارڈ ہونا لازمی ہے، چاہے وہ زائدالمعیاد ہی کیوں نا ہو۔ووٹر اپنا اصل شناختی کارڈ ہمراہ لائے فوٹو کاپی یا آفس کارڈ پر ووٹ کاسٹ نہیں ہو گا
ووٹرز یا امیدواروں کی شکایات کے لیے الیکشن کمیشن کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے، جو صبح سات بجے سے انتخابی نتائج آنے تک کام جاری رکھے گا، کسی بھی قسم کی بدانتظامی کی شکایات کے لیے شہری 0519210816 سے 8 تک رابطہ کرسکتے ہیں۔