30 نومبر ، 2015
سیالکوٹ.....تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آخری گیند تک مجرموں کا مقابلہ کروں گا، قوم کو تنہا نہیں چھوڑوں گا۔
سیالکوٹ میں عمران خان کی زیرقیادت پاکستان تحریک انصاف نے ریلی نکالی۔ انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ لوگ کہتے تھے کہ سیالکوٹ ن لیگ کا شہر ہے، جتنے لوگ میری ریلی میں شریک ہیں، پٹواریوں کے بغیر اتنے ہی جمع کرکے دکھادیں۔
انہوں نےکہاکہ عوام کے ساتھ مل کر پاکستان کو عظیم ملک بنائیں گے۔ عمران خان نے سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا نظام میرٹ کو اوپر نہیں آنے دیتا یہاں عوام پر کرپٹ لوگ حاوی ہیں۔
گوندل روڈ سے نکلنے والی ریلی کے شرکاء نے جناح ہاؤس، علامہ اقبال چوک، رنگ پورا چوک، نکا پورہ،پل ایک اور عالم چوک تک مارچ کیا۔ ریلی میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کی بڑی تعداد شریک رہی، منچلے نوجوان پارٹی ترانوں پر بھنگڑے بھی ڈالتے رہے۔
دوسری جانب سیالکوٹ میں عمران خان کی ریلی اور خطاب کو ڈی سی او نے انتخابی قوانین کی خلاف ورزی قرار دے کر الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا۔