کاروبار
30 نومبر ، 2015

حکومت کا 40 ارب روپے اکٹھےکرنے کیلئے منی بجٹ

حکومت کا 40 ارب روپے اکٹھےکرنے کیلئے منی بجٹ

اسلام آباد.......حکومت 40 ارب روپے حاصل کرنے کے لیے منی بجٹ لے آئی، 61 اشیاء پرنئے ٹیکس لگا دیے، لیکن دسمبر میں پٹرول، ڈیزل کی قیمتیں برقرار رہیں گی۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کہتے ہیں کہ نئے ٹیکس لگانے اور ٹیکسز کی شرح بڑھانے کا فیصلہ رواں مالی سال کی پہلی سہہ ماہی میں ٹیکس وصولیوں میں کمی کے باعث کرنا پڑا ہے، 61اشیاء ایسی ہیں جن پر کوئی ٹیکس نہیں تھا، ان پر 5 سے 10فی صد ڈیوٹی عائد کی گئی ہے جس سےساڑھے 4 ارب روپے حاصل ہوں گے۔

289اشیا پر ڈیوٹی کی شرح 5 فیصد بڑھائی گئی ہے،اس سے بھی ساڑھے چار ارب روپے اضافی اکٹھے ہوں گے۔سگریٹ پر ڈیوٹی کی شرح بڑھانے سے ساڑھے6ارب اور تمام درآمدی اشیا پر کسٹم ڈیوٹی کے نفاذ سے 21ارب روپے اضافی ملیں گے۔

استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد پر10فی صد ڈیوٹی بڑھائی گئی ہے ،اس سے ڈھائی ارب روپے زیادہ ملیں گے۔ مقامی طور پر تیار ہونےوالی گاڑیوں پر کوئی اضافی ٹیکس نہیں لگایا گیا۔

اسحاق ڈار نے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی مدت میں توسیع کا اعلان بھی کیا۔ای سی سی نے جو رعایتی نرخ کی تاریخ مقرر کی تھی0اعشاریہ 3فیصد وہ31 دسمبر تک ایک مہینے کے لئے ایکسٹینڈ کیا ہے تا کہ اس کو اکٹھا رکھا جا سکے،سوئس بینکوں سے پاکستانی سرمایہ واپس لانے پر پیش رفت جاری ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ نے بتایا کہ حکومت نے دسمبر کے لیے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، مٹی کا تیل 79پیسے اورلائٹ ڈیزل 36 پیسے فی لیٹر سستا جب کہ ہائی اوکٹین 87 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا ہے،ایل این جی درآمد کے معاہدے پر رائے دینے کے لیے وزارت قانون نے مزید وقت مانگا ہے۔

مزید خبریں :