03 دسمبر ، 2015
لاہور.......چیف جسٹس آف پاکستان انور ظہیر جمالی کا کہنا ہے کہ ہم بحیثیت قوم بے حسی اوربے یقینی کا شکارہیں ، ہرکوئی دوسرے کی خامیوں کو دیکھتا ہے نظام عدل میں بھی حالات مختلف نہیں۔ حکومت سے توقع رکھتےہیں کہ روزگار کا وعدہ کیا ہے تو روٹی کا نوالہ بھی دے ۔
چیف جسٹس آف پاکستان انورظہیر جمالی نے لاہورہائیکورٹ بارکے عشائیے میں اردو میں خطاب کیا ۔ ان کا کہناتھاکہ ہم اپنی بداعمالیوں کی وجہ سے اندرونی اوربیرونی خلفشارکا شکار ہیں ۔
چیف جسٹس کا کہناتھا کہ لوگ سرکاری فرائض کی تو بات کرتےہیں مگر سرکاری نلکا کھلا رہ جائے توبند نہیں کرتے،جس بے دردی سے قومی وسائل ضائع کررہےہیں اسکی مثال دنیا میں نہیں ملتی ۔
چیف جسٹس کا کہناتھاکہ بحیثیت قوم بے حسی اوربے یقینی کا شکارہیں ، ٹریفک سگنل پر کھڑے ہونا اپنی عزتی سمجھتے ہیں ، پانی اوربجلی کےبلوں کی ادائیگی میں بھی چوربازاری سے باز نہیں آتے۔