03 دسمبر ، 2015
کراچی.....چہلم امام حسینؓ کے موقع پر آج ملک بھر میں جلوس نکالے جائیں گے۔امن و امان کے لئے کیے گئے اقدامات کے تحت سندھ،پشاور اور کوئٹہ میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔
جلوسوں کے راستوں کو بھی سیل کردیا گیا ہے۔
حکومت سندھ نے چہلم پر صوبے بھر میں تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کیا ہے ۔موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی آج رات 12بجے تک پابندی رہے گی۔بزرگ، بچے، خواتین، صحافی اور قانون نافذ کرنےوالے اداروں کے افراد اس پابندی سے مستثنیٰ ہیں۔
راولپنڈی میں امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کے چہلم کا امام بارگاہ کرنل مقبول حسین سے برآمد ہوگا۔ جلوس کے راستوں کو خاردار تاریں اور کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا۔ پولیس، ایلیٹ فورس اور رینجرز کے 5 ہزار سے زائد اہلکار جلوس کی سیکورٹی پر مامور ہوں گے۔
لاہورمیں چہلم حضرت امام حسینؓ کا جلوس اندرون دہلی گیٹ حویلی الف شاہ سے برآمد ہوکر کربلا گامے شاہ پہنچ کراختتام پذیر ہوگا ۔ جلوس کے روٹ کو کنٹینر لگا کربند کردیا گیا ہےجبکہ جلوس میں داخل ہونے والوں کی مکمل چیکنگ کی جائے گی اور انہیں واک تھرو گیٹس سے گزارا جائےگا۔
ادھر سیکرٹری داخلہ بلوچستان کیپٹن(ر) اکبر حسین درانی کے مطابق چہلم امام حسینؓ کے موقع پر کوئٹہ سمیت 7 اضلاع میں دفعہ 144نافذ رہے گی،کوئٹہ میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہے۔
پشاور میں چہلم امام حسین رضی اللہ عنہ کے موقع پر دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔ شہر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور اسلحہ کی نمائش پر پابندی ہوگی۔جبکہ کریکرز کی فروخت اور استعمال اور افغان مہاجرین کے شہر میں داخلے پر بھی پابندی رہے گی۔