05 دسمبر ، 2015
کراچی.....کراچی میں بلدیاتی انتخابات کی مہم تو ختم ہوگئی مگر سیاسی حریفوں میں الفاظ کی جنگ اب بھی جاری ہے، ایم کیو ایم کے فاروق ستار کہتے ہیں آج دوپہر 12بجے تک مخالفین الیکشن کا بائیکاٹ کرسکتے ہیں۔
اس پر جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کا "اتحادی جواب" یہ آیا ہے ، کہ بائیکاٹ ہم نہیں، ایم کیو ایم کرے گی۔
ایم کیو ایم کے چوٹی کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا اعتماد بھی اونچی چوٹیوں پر ہے، انہیں معمولی خطرہ بھی نہیں کہ کراچی کے بلدیاتی الیکشن میں جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کا اتحاد اُن کے مینڈیٹ پر کوئی بڑا ڈینٹ ڈال سکتا ہے، خدشہ ہے تو یہ کہ دوپہر بارہ بجتے ہی مخالفین کے 12بج جائیں گے اور عین ممکن ہے کہ وہ الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان کردیں۔
دوسری طرف جماعت اسلامی اور تحریک انصاف نے بھی ترکی بہ ترکی جواب دیا ہے ۔ حافظ نعیم الرحمان اور عمران اسماعیل نے جوابی پریس کانفرنس کی اور فاروق ستار کے خدشے کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیدیا۔
تجزیہ کاروں نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ جنگ صرف الفاظ اور الزامات تک محدود رہے گی۔