26 مئی ، 2012
کراچی … عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے نوابشاہ میں بس اور کراچی میں محبت سندھ ریلی پر فائرنگ کی تحقیقات کرکے مقتولین کے لواحقین کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ ریلی پر فائرنگ سانحہ 12 مئی کا تسلسل ہے۔ پیپلز پارٹی کے وفدنے صوبائی وزیر رفیق انجینئر کی سربراہی میں شاہی سید سے مردان ہاوٴس میں ملاقات کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہی سید اور فیق انجینئر نے نوابشاہ میں بس اور کراچی میں محبت سندھ ریلی پر فائرنگ کے واقعات کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ شاہی سید نے کہا کہ ریلی پر فائرنگ سانحہ 12 مئی کا تسلسل ہے، جس میں بے گناہ لوگ مارے گئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کوایکشن لینا چاہئے۔ صوبائی وزیر رفیق انجینئر نے کہا کہ قیام امن کیلئے مل جل کر کام کررہے ہیں، ریلی پر فائرنگ کرنیوالے ملزمان کی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تحقیقات کررہی ہے۔