09 دسمبر ، 2015
واشنگٹن......... امریکا نے شمالی کوریا کو ہتھیاروں کی خرید و فروخت میں ملوث ہونے پر 6 اہم شخصیات، 2 بینکوں اور 3 شپنگ کمپنیوں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
امریکی محکمہ خزانہ کے جاری ایک بیان کے مطابق شمالی کوریا کو ہتھیاروں کی تجارت میں ملوث جن اداروں پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں ٹان چون کمرشل بینک اور ڈویلپمنٹ ٹریڈنگ کارپوریشن شامل ہیں جو کہ شمالی کوریا کو ہتھیاروں کی برآمد کی ذمہ دار ہیں۔
جبکہ شام اور ویتنام میں قائم چار بینکوں کے 5 نمائندے بھی پابندیوں کی زد میں آئے ہیں۔ ٹیررزم اینڈ فنانشل انٹیلی جنس کے انڈر سیکرٹری ایڈم سوبن نے اپنے بیان میں کہا کہ شمالی کوریا اپنے جوہری پروگرام کو توسیع دینے اور بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کو خریدنے کا سلسلہ جاری رکھ کر عالمی امن اور سلامتی کیلئے ایک خطرہ بن گیا ہے۔