09 دسمبر ، 2015
صنعاء........یمن کے صدر عبد ربہ منصور ہادی نے اقوام متحدہ کو بتایا ہے کہ انھوں نے سعودی عرب کی قیادت میں اتحاد کو 15 دسمبر سے سات روز کے لیے جنگ بندی کے لیے کہہ دیا ہے۔
اسی روز اقوام متحدہ کی ثالثی میں یمن میں خانہ جنگی کے خاتمے کے لیے مذاکرات ہوں گے۔یمنی صدر منصور ہادی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بین کی مون کو گزشتہ روز کو ایک خط لکھا ہے جس میں انھیں مطلع کیا ہے کہ انھوں نے اتحاد کی قیادت کو سات روز کے لیے جنگ بندی سے متعلق اپنے ارادے سے آگاہ کردیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ حوثیوں کی جانب سے وعدے کے بعد خود کار طریقے سے اس کی تجدید ہوجائے گی۔یمنی صدر نے یہ خط اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بھی بھیجا ہے اور اس میں مزید کہا ہے کہ آپ اقوام متحدہ کے ایلچی کو آگاہ کردیں گے کہ وہ حوثیوں سے جنگ بندی کے احترام کو یقینی بنائیں اور وہ مستقل جنگ بندی کے لیے عملی اقدامات کریں تاکہ اتحادی فورسز سیز فائر کی کسی خلاف ورزی کی صورت میں کوئی کارروائی نہ کریں۔
انھوں نے مزید لکھا ہے کہ جنگ بندی ہماری خواہش پر ہورہی ہے تاکہ ملک میں جاری خونریزی کے خاتمے کے لیے اقوام متحدہ کی ثالثی میں مشاورتی عمل کو کامیاب کیا جاسکے اور جنگ زدہ علاقوں میں انسانی امداد بہم پہنچائی جا سکے۔قبل ازیں اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی برائے یمن اسماعیل ولد شیخ احمد نے جنیوا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا تھا کہ 15 دسمبر کو امن مذاکرات سے قبل حوثی باغیوں اور یمنی حکومت کے درمیان عارضی جنگ بندی ہوجائے گی۔