10 دسمبر ، 2015
لاہور.......پاک، بھارت کرکٹ سیریز کا فیصلہ آج بھی نہ ہوسکا،بھارتی بورڈ نے پی سی بی کو پھر انتظار کا لولی پوپ تھما دیا۔ چیئرمین شہریار خان انتظار فرمائیے کی تصویر بن گئے،انہیں تین سے چار دن انتظار کی سولی پر لٹکادیاگیا۔
سابق چیئرمین ذکا اشرف نے کرکٹ بورڈ کی حکمت عملی کو پاکستان کے لیے توہین آمیز قرار دے دیا۔بھارت کرکٹ کھیلنے کو تیار نہیں اور شہریار خان یہ ماننے کو تیار نہیں۔
پیر سے جمعرات ہوگئی،دسمبر کا پہلا ہفتہ گزر گیا،دوسرے ہفتے میں سیریز ہوگی یا نہیں،بھارت نے چپ کا روزہ نہ توڑنے کی قسم کھالی،لیکن چیئرمین پی سی بی بدستور ٹرک کی بتی کے پیچھے لگے ہیں۔
کھیل کے ساتھ بھارت سیاست کا کھیل، کھیل رہا ہے، نیت اچھی نہیں پر راج نیتی دکھا رہا ہے،آج بھی اعلان کے نام پر سناٹا ہی رہا، بھارتی بورڈ نے پھر حکومت کی اجازت کے انتظار کا لولی پاپ دکھایا ۔
چیئرمین پی سی بی انتظار فرمایئے کی تصویر بنے بیٹھے ہیں،اب پھر تین سے چار دن انتظار کی سولی پر لٹکادیا، دوسری طرف سابق چیئرمین ذکا اشرف نے کرکٹ بورڈ کی حکمت عملی کو پاکستان کے لیے توہین آمیز قرار دےدیا۔
بھارت کی جانب سے کرکٹ کو کوڑا کرکٹ بنانے کے کھیل نےکرکٹ کے متوالوں کے صبر کا پیمانے چھلکادیے ہیں،اگر،مگر،چونکہ،چناچہ کے کھیل سے تنگ آئے شایقین یہ کہنے پر اتر آئے ہیں جو فیصلہ کرنا ہے کرو،لیکن ہمارے جذبات سے نہ کھیلو۔