11 دسمبر ، 2015
کراچی.......کراچی میں پولیس نے قانونی پیچیدگیوں کے باعث ڈاکٹر عاصم حسین کو نیب کے حوالے کرنے سے انکار کردیا ۔ انہیں آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف اپنے اسپتال میں دہشت گردوں کا علاج کرنے کے الزام میں نارتھ ناظم آباد تھانے میں مقدمہ درج ہے ۔ پولیس حکام نے گذشتہ روز کہا تھا کہ اس کیس میں جان نہیں ہے ۔ نیب حکام چاہیں تو اپنے مقدمات میں انہیں گرفتار کرسکتے ہیں۔
جمعرات کی شب نیب کی ٹیم ڈاکٹر عاصم کو تحویل میں لینے کے لیے گلبرگ تھانے پہنچی تو پولیس نے انہیں حوالے کرنے سے انکار کردیا۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن عارب مہر کے مطابق عدالت کو آگاہ کیے بغیر ڈاکٹر عاصم کو نیب کے حوالے نہیں کرسکتے ۔ انہیں آج انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔