11 دسمبر ، 2015
واشنگٹن.......واشنگٹن کے بعد کیلی فورنیا میں بھی امریکی مسلمانوں کی سب سے بڑی تنظیم، کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز ،کے دفتر کو دھمکیاں اور سفید پاوڈر پر مشتمل خط ملنے پر خالی کرا لیا گیا۔
کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز کے اسٹاف اٹارنی کے مطابق کیلی فورنیا کے شہر سانتا کلارا میں واقع تنظیم کے دفتر کو ایک خط ملا ہے،جس میں مشتبہ پاوڈر تھا، جس کے بعد دفتر کو خالی کرنا پڑا۔
اس سے قبل واشنگٹن کے کیپیٹل ہل میں بھی کونسل کے دفتر کو ایک خط ملا تھا ۔ تنظیم کی اسٹاف اٹارنی ماہا سید کے مطابق خط میں مسلمانوں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئی ہیں اور لفافے میں سفید پاوڈر بھی موجود تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز کے فیس بک صفحے پر بھی آئے روز دھمکی آمیز پیغامات بھیجے جاتے ہیں۔
ان مسلمان مخالف پیغامات سے امریکی مسلمانوں میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دھمکی آمیز خط ملنے کے بعد پولیس نے تنظیم کے دفتر کو خالی کرا لیا ۔ پولیس معاملے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔