12 دسمبر ، 2015
پیرس… رضا چوہدری…امریکی پبلک سیکٹر کی نائب صدر کیٹ نیومین نے انکشاف کیا ہے کہ ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس کے انعقاد کا مشورہ امریکی صدر کا تھایہ مشورہ انہوں نے پاکستانی و بھارتی وزرائے اعظم کو پیرس میں موسمی تبدیلیوں کے موضوع پر ہونے والی حالیہ عالمی کانفرنس کے موقع پر دیا۔
کیٹ نیو مین نے پیرس میں ’جنگ ‘کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ اس مشورے کے فوری بعد نریندر سنگھ مودی نے اپنے پاکستانی ہم منصب سے مختصر ملاقات کی تاہم بعد میں یہی مختصر ملاقات دونوں ممالک کے درمیان جامع مذاکرات شروع کرنے کے معاملے پر پڑی برف پگھلنے کا سبب بنی۔
کیٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ مشورے کا مقصد خطے میں قیام امن ہے ۔ ان کے خیال کے مطابق پاک بھارت وزرائے اعظم ملاقات میں بھارت کو افغانستان تک براستہ پاکستان سڑک کے ذریعے رسائی پر بات چیت کی گئی۔
کیٹ کا کہنا ہے کہ افغانستان میں امن کی بحالی کیلئے تجارت اور ترقی کی رفتار کو تیز کرنا ہوگا۔ جنگ سے گفتگو میں انہوں نے یہ اعتراف بھی کیا کہ امریکی صدر بارک اوبامہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے روس اور ترکی کے اختلافات ختم کرانے کے بھی خواہاں تھے مگر روسی صدر پوٹن ترکی سے بات چیت پر رضامند نہیں ہوئے۔