13 دسمبر ، 2015
ممبئی......شہنشاہ جذبات، سپر اسٹارز کے سپر اسٹار، دلیپ کمار کو پدما وبھوشن ایوارڈ سے نوازا گیا،تقریب ممبئی میں دلیپ کمار کے گھر پر ہوئی۔
برصغیر کے نامور اداکار دلیپ کمارکو بالآخر بھارت کے تیسرے بڑے ایوارڈ سے نوازا گیا، پدما وبھوشن ایوارڈ وصول کرنے کے لیے وہ خود دلی نہیں جا سکتے تھے اس لیے دلی کی مودی سرکار کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ انھیں یہ ایوارڈ دینے خود ممبئی آ ئے، اس سے پہلے دلیپ کمار کو پاکستان کا سب سے بڑا سویلین ایوارڈ نشان امتیاز بھی دیا جا چکا ہے۔
دلیپ کمار نے آج سے اکہتر سال پہلے 1944ء میں اپنے فلمی کیرئر کا آغاز کیا،پچاس کی دہائی فلمی صنعت پر ان کے مکمل راج کی دہائی تھی۔دیوداس، مغل اعظم اور دیگر کئی فلموں میں المیہ کردار نگاری پر دلیپ کمار کو شہنشاہِ جذبات کا خطاب ملا،ڈائیلاگ ڈلیوری میں ان کی مہارت ایسی تھی کہ ان کے کئی مکالمے آج تک زباں زدِ عام ہیں۔
انھوں نے گیت بھی ایسے پکچرائز کرائے کہ وہ گیت ان کی اداکاری کے ساتھ یاد آتے ہیں،دلیپ کمار کو اس سے پہلے 1991ء میں پدما بھوشن ایوارڈ اور 1994ء میں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ بھی مل چکا ہے، دلیپ کمار زندگی کی ترانوے بہاریں دیکھ چکے ہیں۔