14 دسمبر ، 2015
کراچی.......اب خطرے کی صورت میں فوری مدد کے لیے موبائل ایپ آگئی۔ آپ کسی بیماری کی وجہ سے اپنوں سے فوری رابطہ چاہتے ہوں ہو یا کسی خطرناک صورت حال میں مدد۔ بس اپنے اسمارٹ فون سے ایک بٹن دباتے ہی آپ کا پیغام آپ کے پیاروں تک پہنچ جائے گا۔
محافظ موبائل ایپ سے کسی بھی خطرے کی صورت میں اپنوں کو فوری طور پر آگاہ کرسکتے ہیں۔ آپ کو اپنے فون سے صرف ایک بٹن دبانا ہوگا۔
فوری خطرے کی صورت میں سرخ بٹن جو آپ کے دیے گئے قریبی عزیزوں کے موبائل نمبروں پر آپ کے شدید خطرے میں ہونے کا پیغام پہنچائے گا کہ آپ کو فوری مدد کی ضرورت ہے جبکہ نارنجی بٹن اس صورت میں دبانا ہوگا جب آپ کے پاس اتنا وقت ہو کہ آپ خطرے کی نوعیت بتا سکیں۔
اس طرح آپ کے عزیزوں کے پاس پہنچنے والے پیغام میں خطرے کی کچھ تفصیلات ہوں گی اور وہ اس کے مطابق آپ کی مدد کرنے کے لیے بہتر پوزیشن میں ہوں گے۔
اس موبائل ایپ کو اپنے فون پر ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد آپ کو اپنا نمبر درج کرا کر ایک کوڈ حاصل کرنا ہوگا جس کے بعد اپنے بارے میں کچھ معلومات جیسے نام، عمر، جنس، بلڈ گروپ، ای میل ایڈریس بتانی ہوں گی اس کے بعد خطرے کی صورت میں آپ کی مدد کرنے والے پانچ افراد کے نمبر فراہم کرنے ہوں گے۔
اب آپ کی محافظ ایپ قابل عمل ہے، خطرے کے وقت اگر آپ کے موبائل کا جی پی آر ایس سسٹم فعال ہوگا تو آپ کے خطرے میں ہونے کا پیغام آپ کے ٹوئیٹر اور فیس بک اکاؤنٹ پر بھی آجائے گا۔
محافظ ایپ کی اضافی خوبی یہ ہے کہ اس سے آپ اپنے علاقے کی سیکیورٹی صورتحال سے بھی باخبر رہ سکتے ہیں اور سیکیورٹی الرٹ سے متعلق خبریں بھی آپ کو اس ایپ سے ملتی رہیں گی۔