27 مئی ، 2012
چنئی…انڈین پریمیئر لیگ کے اتوار کو ہونے والے فائنل میچ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے پچھلے برس کے چیمپئن چنئی سپر کنگز کو ایک دلچسپ مقابلے کے بعد پانچ وکٹوں سے شکست دیکر پہلی بار آئی پی ایل چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔اس سے قبل چنئی کے ایم اے چدم برم اسٹیڈیم میں ہونے والے اس اہم میچ کا ٹاس چنئی کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ بیس اوورز میں تین وکٹوں پر 190کا مجموعہ ترتیب دیا۔جس میں سریش رائنا 73،مائیک ہسی 54اور مرلی وجے42قابل ذکر بیٹسمین تھے۔جواب میں کولکتہ نے مشکل مطلوبہ ہدف 19.4اوورز میں پانچ وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ منویندر بسلہ 89اور جیک کیلس 69نے اپنی ٹیم کی جیت میں مرکزی کردار ادا کیا ۔چنئی کی جانب سے بن ہیلفن ہاس 2جبکہ البائی مورکل،آشوین اور براوو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس ٹورنامنٹ کے آج ہونے والے فائنل سمیت تمام میچزجیو سوپر نے اپنے ناظرین کو براہ راست دکھائے۔