23 دسمبر ، 2015
راولپنڈی.......آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ ملک میں امن و امان کی صورت حال میں نمایاں بہتری آچکی، ضرب عضب کی کامیابیوں میں پاک فوج کو پوری قوم کی تائید حاصل ہے۔
آئی ایس پی آر کےمطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم ایک عرصے سے دہشت گردی کے خلاف لڑ رہی ہےاور ضرب عضب کی صورت میں اس جنگ میں کامیابیوں کا سفر جاری ہے، ہم استحکام پاکستان کے سفر پر گامزن ہیں۔
فرسٹ فاٹا یوتھ فیسٹیول سے خطاب میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھرپورعزم کا اظہار کیا کہ پائیدارامن کے حصول کاسفر جاری رہے گا۔ انہوں نےکہاکہ اقتصادی راہداری سمیت ترقیاتی منصوبے ملک ، قوم اور فاٹا کے عوام کی قربانیوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں ۔
جنرل راحیل شریف کاکہناتھا کہ پائیدار امن کے حصول کے سفر میں کامیابی کا دارومدار قوم کی حمایت اور نوجوان نسل پر ہے، نوجوان نسل سے پوری قوم کی بے انتہا امیدیں وابستہ ہیں۔ آرمی چیف نے خیبرایجنسی میں کرکٹ اسٹیڈیم جبکہ شمالی وزیرستان ایجنسی میں جدید اسپورٹس کمپلیکس قائم کرنے کااعلان کیا۔
آرمی چیف کاکہناتھاکہ فاٹا کے نوجوان اپنی بے پناہ قابلیت کا لوہا بیرون ملک بھی منوا چکے ہیں، یقین ہے کہ وہ ملک کا وقار اور جھنڈا بلند رکھیں گے۔