23 دسمبر ، 2015
کوئٹہ........مری معاہدے کے تحت وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ مستعفی ہوگئے، گورنرمحمد خان اچکزئی نے ان کا استعفا منظور کرلیا ۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے آج شام گورنربلوچستان محمد خان اچکزئی سے ملاقات کی اورانھیں اپنا تحریری استعفا پیش کیا، جسے گورنرنے منظورکرلیا۔
ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ ڈھائی سال اور انیس روز بلوچستان کے وزیراعلیٰ کے منصب پر فائزرہے، وہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 48 ، کیچ ون سے رکن بلوچستان اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
اپنے دور اقتدار میں انھوں نے تعلیم، صحت اور امن وامان کےشعبوں پر خصوصی توجہ دی ، گڈ گورننس اور کرپشن کے خاتمے کے لیے بھی کوششیں کیں جس کے باعث ان شعبوں میں کسی حد تک بہتری پیدا ہوئی۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے دور ہی میں پُرامن بلوچستان کے تحت صوبے میں مفاہمتی عمل کا آغاز کیاگیا جس کے نتائج بہرحال ابھی آنا باقی ہیں۔