23 دسمبر ، 2015
کراچی.......کراچی میں وی آئی پی پروٹوکول کی وجہ سے بچی کی ہلاکت پر سیاسی جماعتوں کا شدید ردعمل سامنے آیا ہے، مختلف سیاسی رہنمائوں نے لیاری پہنچ کر بچی کے والدین سے تعزیت کا اظہار بھی کیا ہے۔
10 ماہ کی بسمہ کی ہلاکت کے بعد پاکستان تحریک انصاف، جماعت اسلامی، پیپلزپارٹی کے رہنمائوں سمیت وزیراعلیٰ کی کوآرڈینیٹر برائے انسانی حقوق نادیہ گبول نے متاثرہ خاندان کے گھر جاکرتعزیت کی تاہم واقعے کے بعد پیپلزپارٹی کے گڑ ھ کہلانے والے لیاری میں ’’گو بلاول گو‘‘ کے نعرے لگ گئے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ سندھ میں بادشاہ سلامت حکومت کررہے ہیں اور غریب عوام سڑکوں پر مررہی ہے۔جماعت اسلامی کے بابو غلام حسین بلوچ نے کہا کہ معصوم بچی پیپلزپارٹی کے رہنمائوں کے وی آئی پی پرٹوکول کی نذر ہوگئی ۔
نادیہ گبول تعزیت کے لیے بسمہ کے گھر پہنچیں تو علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا اور ’’گو نادیہ گو‘‘ کے نعرے لگائے۔ نادیہ گبول کا کہنا تھا کہ ہم اس معاملے کو سیاسی نہیں بنانا چاہتے۔ایم کیوایم کے رہنما ندیم نصرت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ، صوبائی وزیرداخلہ اوران کے متعلقہ حکام بچی کی ہلاکت کے براہ راست ذمہ دار ہیں۔