25 دسمبر ، 2015
لاہور.........پاکستان فلم انڈسٹری میں درجنوں فلموں کو یادگار دھنیں دینے والے موسیقار بابا جی اے چشتی کی آج 21ویں برسی منائی جا رہی ہے۔
بابا جی اے چشتی نے فنی سفر کا آغاز 1936ء میں فلم دین و دنیا سے کیا۔پاکستان میں ان کی پہلی فلم ’’شاہدہ‘‘تھی جو 1949ء میں بنائی گئی۔ 50 کی دہائی میں بابا چشتی نے کئی گلوکار متعارف کرائے،ان میں زبیدہ خانم، سلیم رضا، نسیم بیگم، مالا، مسعود رانا اور پرویز مہدی جیسے گلوکار شامل ہیں۔
بھارتی فلم’’امراو جان ادا‘‘ کی موسیقی دینے والے خیام اور رحمن ورما بھی بابا چشتی ہی کے شاگرد تھے۔بابا چشتی کی موسیقی کی بدولت دو فلمیں’’یکے والی‘‘ اور ’’دلا بھٹی‘‘ اتنی کامیاب رہیں کہ لاہور کے دو بڑے اسٹوڈیوز باری اور ایورنیو ان فلموں کی کمائی سے تعمیر ہوئے۔
بابا چشتی نے 50 سالہ کیرئیر میں 15 بھارتی سمیت 157 فلموں کے لئے موسیقی ترتیب دی۔بابا چشتی 89 برس کی عمر میں 25 دسمبر 1994ء کو لاہور میں انتقال کر گئے۔