پاکستان
27 دسمبر ، 2015

جنرل راحیل شریف کی کابل میں اعلیٰ افغان قیادت سے ملاقاتیں

جنرل راحیل شریف کی کابل میں اعلیٰ افغان قیادت سے ملاقاتیں

کابل.......آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کابل میں اعلیٰ افغان قیادت سے ملاقاتیں کی ہیں، ان میں امن عمل کا حصہ بننےکے خواہش مند طالبان گروپوں سے مذاکرات پر اتفاق کیا ہے، طے پایا ہے کہ امن عمل کے تمام فریقین مفاہمتی عمل کی کامیابی کے لیے حمایت کریں گے، چار فریقی ملاقاتوں کا پہلا دور جنوری میں ہو گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے دورے میں افغان امن عمل سے متعلق مستقبل کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا، اعلیٰ افغان قیادت سے ملاقاتوں میں سرحد کے دونوں اطراف انسداد دہشت گردی آپریشن میں تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

ملاقاتوں میں اتفاق کیا گیا کہ دونوں ملک ایک دوسرے کے خلاف اپنی سر زمین استعمال نہیں کرنے دیں گے، امن عمل کا حصہ بننےکے خواہش مند طالبان گروپوں سے مذاکرات کیے جائیں گے، افغان امن عمل کے دوبارہ آغاز کے لیے چار فریقی فریم ورک کے مطابق کام کیا جائے گا، افغان امن عمل کے تمام فریقین مفاہمتی عمل کی کامیابی کے لیے حمایت کریں گے،چار فریقی ملاقاتوں کا پہلا دور جنوری میں ہوگا۔

ملاقاتوں میں اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور افغانستان کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان ہاٹ لائن قائم کی جائے گی،دونوں ملکوں کے فوجی حکام ایک دوسرے کے ہاں دورے بڑھائیں گے،خفیہ معلومات کی بنیاد پر تشدد میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں کی جائیں گی۔ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ دہشت گردوں کی سرحد پار نقل و حرکت کی روک تھام کے لیے موثر طریقہ کار تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔

مزید خبریں :