28 مئی ، 2012
ٹرینٹ برج،انگلینڈ…انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو وزڈن ٹرافی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں نو وکٹوں سے شکست دیکر تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز 2-0 جیت لی۔میچ کے چوتھے روز ویسٹ انڈیز نے61رنز چھ وکٹ پر اپنی نامکمل دوسری اننگز کا آغاز کیا اور پوری ٹیم اپنے گزشتہ روز کے اسکور میں 104 رنز کا اضافہ کرکے آؤٹ ہوگئی۔پہلی اننگز کے ویسٹ انڈین ہیرو مارلن سموئلز ایک بار پھر انگلینڈ کی فتح کی راہ میں حائل ہوتے نظر آئے اور انھوں نے ناقابل شکست76 کی شاندار باری تراشی۔انھوں نے انگلش طوفانی بولنگ کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔انکے علاوہ کپتان سامی 25نے بھی اچھی بیٹنگ کی اور انھوں نے سموئلز کے ساتھ ملکر 49کی شراکت بھی قائم کی ۔انگلینڈ کی جانب سے ٹم بریسنان اور اینڈریسن نے چار چار وکٹیں حاصل کیں۔بریسنان کو انکی شاندار بولنگ پرفارمنس پر مین آف دی میچ بھی قرار دیا گیا۔انگلینڈ کو میچ میں کامیابی کے لیے 108 کا ہدف ملا جو اس نے صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔کپتان اسٹروس 45بناکر آؤٹ ہوئے تو اس وقت تک ہدف تقریباً تکمیل کے قریب تھا۔انکے علاوہ الیسٹر کک 43 ناٹ آؤٹ اور جوناتھن ٹروٹ 17ناٹ آؤٹ رہے۔سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 7جون سے ایجبسٹن ،برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔