01 جنوری ، 2016
نئی دہلی......بھارتی مالدار شخص نے خواتین کو متاثر کرنے کا نیا طریقہ ڈھونڈ نکالا، سونے کی شرٹ بنوا لی۔خواتین کو متاثر کرنے کے لیے مرد حضرات انہیں پھول پیش کرتے ہیں، یا چاکلیٹ۔
کسی کے پاس پیسہ ہو تو کسی خاتون کو سحر انگیز ماحول میں کسی مہنگی جگہ ڈنر کرانے کی پیش کش کر سکتا ہے، لیکن بھارت کے ایک صاحب نے خواتین کو متاثر کرنے کا ایک نیا انداز متعارف کرایا ہے۔
انہوں نے سنا کہ سونا عورت کی کمزوری ہے اس لیے انہوں نے اپنے لیے پوری شرٹ ہی سونے کی بنوالی، مسٹر دتہ کا خیال ہے کہ خواتین انہیں اس شرٹ میں ملبوس دیکھیں گی تو ان سے ضرور متاثر ہوں گی۔ مسٹر دتہ کی اس شرٹ کی مالیت ہے صرف 22ہزار 775 ڈالر، یعنی تقریباً 23لاکھ روپے۔
مسٹر دتہ آج کل یہ شرٹ پہن کر خوب اتراتے اور اپنی تصاویر اترواتے پھرتے ہیں لیکن ہم نے یہ بھی سنا ہے کہ خواتین کو سونا جتنا بھی پسند ہو، آدمی انہیں وہی پسند آتا ہے جس کا دل بھی سونے کا ہو۔