03 جنوری ، 2016
سکھر.......سندھ اور پنجاب کے کئی علاقوں میں گیس کی بندش سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ملتان اور فیصل آباد میں گھریلو خواتین نے لکڑی کے چولہوں کا بندو بست کرلیا تو سکھر میں احتجاجی شہریوں نے سوئی گیس آفس کے سامنے ہی کھانا پکا ڈالا۔
ملتان میں سوئی گیس کی بندش روزانہ کا معمول بن گیا ہے ،گیس کی بندش کی وجہ سے روز مرہ کے کاموں میں خواتین کو مشکلات کا سامنا ہے، گیس کی بندش سے تنگ آکر گھریلو خواتین نے لکڑی کے چولہوں کا بندوبست کرلیا ہے ۔
فیصل آباد کے بیشتر علاقوں میں گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے جس سے گھریلو صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، گیس کی بندش کی وجہ سے شہری مہنگے داموں لکڑیاں خرید کر چولہا جلانے پر مجبور ہیں۔
ادھر سکھر میں بھی کہیں گیس کے کم پریشر سے لوگ پریشان ہیں تو کہیں گیس آتی ہی نہیں ہے، گیس کے ہاتھوں ستائے شہری سوئی گیس آفس پہنچ گئے اور وہیں روٹی سالن پکا کر احتجاج کیا۔