پاکستان
03 جنوری ، 2016

سال 2015 سندھ کے تعلیمی اداروں کیلئے اچھا ثابت نہ ہوسکا

سال 2015 سندھ کے تعلیمی اداروں کیلئے اچھا ثابت نہ ہوسکا

کراچی....... سال 2015 سندھ کے تعلیمی اداروں کیلئے اچھا ثابت نہ ہوسکا، تعلیمی سرگرمیاں کم اور چھٹیاں زیادہ رہیں، روایتی اور غیر روایتی چھٹیوں، سوگ اور ہڑتالوں کے باعث تعلیمی ادارے 195 دن بند رہے۔

کراچی کے تعلیمی اداروں میں سال بھر تدریسی عمل کا تسلسل برقرار رکھنا دوبھر ہوگیا ہے ، اچانک چھٹیوں ، ہڑتالوں اور سوگ کے اعلانات کے باعث کئی بار امتحانات ملتوی کرنا پڑے ،سندھ میں سال 2015 میں 19 دن کی روایتی چھٹیاں ہوئیں جن میں مذہبی و قومی تہوار، یوم آزادی ، ذوالفقار علی بھٹو کی برسی،عید الفطر اور عید الاضحیٰ شامل ہیں۔

موسم سرما اور گرما کی تعطیلات میں تعلیمی ادارے81 دن بند رہے، ہفتہ وار دو تعطیلات کے باعث سال بھر میں104 دن چھٹیاں ہوئیں ، جبکہ 13 دن یوم سوگ منایا گیا جن میں سیاسی کارکنوں کی ہلاکتوں کا سوگ ،جامعہ کراچی کے پروفیسر ڈاکٹر وحید الرحمان کے قتل کا سوگ،سانحہ شکار پور اور آرمی پبلک اسکول پر حملے کے سوگ شامل ہیں۔

ان اچانک چھٹیوں کے باعث تعلیمی اداروں میں امتحانی اور تدریسی عمل معطل رہا ۔ اس طرح سال 2015 کے 365 دنوں میں سندھ کے تعلیمی ادارے 195 دن یعنی سوا چھ مہینے بند رہے اور صرف 170 دن ہی تعلیمی عمل جاری رہ سکا۔

مزید خبریں :