10 جنوری ، 2016
لاہور...... پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ رنگ برنگی بس سروسز پر ملکی وسائل خرچ کردیئے گئے، اربوں روپے کے سستی روٹی اور دانش اسکول جیسے بے سرو پا منصوبے غریب عوام کو فائدہ نہیں دے سکے ، ایسے منصوبوں سے ان کے دوست ہی مضبوط ہوئے۔
لاہور میں اجتماعی شادیوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ایسے منصوبے شروع کیے گئے جس سے غریب کوکوئی فائدہ نہیں ہوا،رنگ برنگی بس سروس کے بجائے ایسے منصوبے بنائے جاتے جس سے بے روزگاری میں کمی آتی۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج بڑے بڑے منصوبوں کااعلان اور افتتاح ہوتا ہے اور ہمارے منصوبوں پر اپنے نام کا لیبل لگادیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ روٹی کپڑا،مکان،صحت اور تعلیم انسان کی بنیادی ضرورت ہے، کبھی یہ خیال نہیں کیا جاتا کہ مہنگائی اور بے روزگاری میں کتنا اضافہ ہوگیا، پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر اربوں روپے کے ٹیکس عوام پر تھوپ دیئے گئے۔
پی پی چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کے کسان پیکیج کے خلاف مظاہرے ہورہے ہیں، ہماری حکومت سے پہلے گندم درآمد کی جاتی تھی ، ہم اسے برآمد کرنے کی پوزیشن میں لے آئے ،آج یوکرین سے بے کار گندم خرید کر کسان کے ساتھ زیادتی کی جارہی ہے۔
آصفہ بھٹو اور بختاور بھٹو سمیت دیگر مرکزی قائدین بھی تقریب میں شریک تھے۔