11 جنوری ، 2016
لاہور.......پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جمہوریت کی مضبوطی کیلئے ہر ایک کو اپناکردار ادا کرنا چاہیے، تسلیم کرنا ہوگا سیاستدانوں اور اسٹیبلشمنٹ سے غلطیاں ہوئیں۔
لاہور ہائیکورٹ بار کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پارلیمانی کمیٹی کو ججز کی تقرری میں محدو د کردار دیا گیا ، 2010 سے 2013تک 126 ججز کی تقرریاں کی گئیں ،8تقرریوں پر پارلیمانی کمیٹی کو اعتراضات تھے ،جوڈیشل کمیشن نے رد کردیے، ججز کی تقرری میں صدر اور وزیراعظم کا کردار نمائشی ہے۔
انہوں نے کہ آئین کے تحت قانون سازی پارلیمنٹ کی ذمےداری ہے، پارلیمنٹ کی قانون سازی کے اختیارات پر اعتراضات پر میں حیران ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میری والدہ بی بی شہید کی وزارت عظمی کے دور میں خواتین کو بنچ میں تعینات کیا گیا۔
کرپشن کے خلاف کارروائی پر بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کرپشن سنجیدہ ایشو ہے ، اس کیخلاف کارروائی میں مقدس گائے آڑے نہیں آنی چاہیے،کرپشن کے خلاف کیسز میں دہرا معیار نہیں اپنانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی مضبوطی کیلئے ہر ایک کو اپناکردار ادا کرنا چاہیے، اجتماعی طور پر ناکامیوں کی ذمےداریاں ہم سب پر عائد ہوتی ہیں ۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ لاہورہائیکورٹ بار جمہوری جدوجہد میں اہم حیثیت رکھتی ہے ، لاہور ہائی کورٹ بار نے جمہوریت کا پرچم بلند رکھا ،قائد اعظم محمد علی جناح اور میرے نانا ذو الفقار علی بھٹو بڑے وکیل تھے۔