30 جنوری ، 2016
کوئٹہ......مستونگ میں فورسز کی کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کا اہم کمانڈر ڈاکٹر عبدالمنان مارا گیا،وزیر داخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نےکہتے ہیں حکومت نے عزم کر رکھا ہے کہ ہم عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنائیں گئے۔
وزیر داخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کوئٹہ میں پریس بریفننگ کے دوران کہنا تھا کہ مستونگ میں گزشتہ شب سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے چار دہشت گرد ہلاک ہوئے، یہ دہشت گرد پولیس اور سیکیور ٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔
انہوں نے کہاکہ اس آپریشن کے دو را ن مرنے والوں میں بی ایل ایف کا اہم کمانڈرڈاکٹر اللہ نذر کا جانشین ڈا کٹر عبدالمنان بھی شامل ہے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاک چائینہ اقتصادی راہداری کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا گیا ہے اور مزید بھی سیکیورٹی سخت کی جائے گی۔
انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں صوبائی حکومت کی کوششوں سے امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور مستقبل میں مزید بہتری ہو گی، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں داعش کا کوئی وجود نہیں ہے ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا کہ بلوچستان کی سیاسی اور عسکری قیادت ایک پیج پر ہیں اور تمام معاملات باہمی افہام و تفہیم اور مشاورت سے چل رہے ہیں۔