02 جون ، 2012
اسلام آباد…ملک کے زیادہ تر علاقے بدستور شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں،دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بالائی علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔سندھ بھر میں سورج پوری شدت سے گرمی برسا رہا ہے، حیدر آباد ، سکھر ، نواب شاہ ، دادو اور لاڑکانہ سمیت دیگر علاقوں میں گرمی سے لوگوں کا برا حال ہے،اور لوگ گرمی بھگانے کیلئے نہروں رخ کررہے ہیں تو کچھ مشروبات کا استعمال کررہے ہیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ایسے موسم میں مضر صحت مشروبات پینے سے پرہیز کیا جائے۔پنجاب کے شہروں ملتان ، ڈیرہ غازی خان ،سرگودھا ، فیصل آباد میں بھی گرمی برقرار ہے۔بلوچستان کے علاقوں نصیرآباد، جعفر آباد میں گرم ہوائیں چل رہی ہیں اور سورج آگ برسا رہا ہے۔ گرمی کی وجہ سے مختلف وبائی امراض بھی پھیلنے لگے ہیں۔ گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی گرمی کی آمد ہے اور موسم تبدیل ہونا شروع ہوگیا ہے۔ تاہم غذر اور استور میں وقفہ وقفہ سے ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔