02 جون ، 2012
راولپنڈی … راولپنڈی کے علاقے فوجی کالونی میں پولیس نے ایک مکان پر چھاپا مارا جہاں مبینہ تشدد سے 6 سال کی بچی جاں بحق ہوگئی جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ بچی بیمار تھی اسی وجہ سے ہلاک ہوئی۔ ذرائع کے مطابق فوجی کالونی کے علاقے میں پولیس نے ایک مکان پر چھاپا مارا ہے جہاں ایک بچی پر مبینہ تشدد کیا گیا جس سے 6 سال کی بچی جاں بحق ہوگئی۔ بچی کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ پولیس نے گھر میں گھس کر تشدد کیا، خواتین اور بچوں کو گھسیٹا جس کے باعث بچی دم توڑ گئی۔ بچی کے والد نے بتایا ہے کہ زمین کے تنازع پر عدالت سے ضمانت کرارکھی ہے تاہم پولیس نے گھر پر چھاپا مارا اور خواتین و بچوں پر تشدد کیا جس کے باعث 6سال کی بچی جاں بحق ہوگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق بچی کی لاش ہولی فیملی اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔دوسری جانب ایس ایچ او تھانا پیر ودھائی نے واقعے سے متعلق بتایا ہے کہ فوجی کالونی کے مکان پر چھاپا مارا ہے لیکن کسی پر تشدد نہیں کیا، اہل خانہ کی جانب سے ضمانت کے کاغذات دکھانے پر پولیس واپس آگئی۔ ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ بچی بیمار تھی اسی وجہ سے ہلاک ہوئی ، پولیس نے کسی پر تشدد نہیں کیا۔