16 فروری ، 2016
بہاولپور......وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ نیب والے معصوم لوگوں کے گھروں اور دفتر میں گھس جاتے ہیں، تصدیق کے بغیر لوگوں کو تنگ کرنا قابل برداشت نہیں۔
وزیر اعظم نے وارننگ دی کہ سرکاری افسر نیب کے خوف سے فیصلہ کرنے سے ڈرتے ہیں،چیئرمین نیب ایسی شکایات کا نوٹس لیں ورنہ نیب کے خلاف ضروری کارروائی کرسکتے ہیں۔
وزیراعظم نواز شریف نے بہاولپور میں بلدیاتی نمائندوں سے خطاب میں چیئرمین نیب کو خبردار کیا کہ وہ ان شکایات کا نوٹس لیں، نیب کو دو ٹوک الفاظ میں قبلہ درست کرنے کی وارننگ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ معصوم لوگوں پر ہاتھ ڈالنا، سرکاری افسروں کو خوفزدہ کرنا ٹھیک نہیں، چیئرمین نیب خود ہی نوٹس لیے لیں، ورنہ قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے۔
وزیراعظم نے چند ایک کے سوا بغیر نام لیے بعض دیگر اداروں اور قوانین کو بھی ترقیاتی منصوبوں میں رکاوٹ کا ذمہ دار قرار دیا۔
بجلی، دہشت گردی اور معاشی بحرانوں کی ذمہ داری پرویز مشرف اور پیپلزپارٹی کی حکومتوں پر ڈالتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عوام نے انہیں دیکھ اور بھگت لیا، جھوٹ بولنے والے نئے سیاست دان بھی بے نقاب ہوگئے۔