29 جنوری ، 2012
کراچی…پیپلز پارٹی کے رہ نما اور سینٹر رضا ربانی کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ میں مطلوبہ اکثریت نہ ہونے کی وجہ سے نئے صوبوں کی مجوزہ ترمیم نہیں ہوسکے گی۔ پاکستان ڈیموکریٹک پارٹی سندھ کے صدر بشارت مرزا کی طرف سے اُن کی رہائشگاہ پر دعوت حلیم کا اہتمام کیا گیا ،جس میں پیپلزپارٹی کے سینئٹر رضا ربانی ،سید خورشید شاہ،ایم کیو ایم کے رضا ہارون، جے یوپی کے صاحبزادہ ابوالخیر زبیر، اے این پی کے شاہی سید سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینٹر رضا ربانی نے کہا کہ پارلیمنٹ میں مطلوبہ اکثریت نہ ہونے کی وجہ سے نئے صوبوں کی مجوزہ ترمیم نہیں ہوسکے گی۔آئینی ترمیم کے لئے یہ مناسب وقت نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ مجوزہ ترمیم پیش کرنے والوں کے پاس سادہ اکثریت نہیں ہے،اے این پی سندھ کے صدر شاہی سید نے کہا کہ صوبوں سے متعلق ایم کیو ایم جو چاہتی ہے، اُن کی یہ خواہش کبھی پوری نہیں ہوسکتی۔انہوں نے کہا کہ جلسے جلوسوں کا موسم ہے الیکشن بتائیں گے عوام کس کے ساتھ ہیں ،گراوٴنڈ اور عوام وہ ہی ہیں ہم بھی جلسہ کرکے دکھائیں گے ۔مسلم لیگ نواز سندھ کے صدر غوث علی شاہ نے کہا کہ حروں کے روحانی پیشوا پیر صبغت اللہ سمیت اور بھی لوگ چاہتے ہیں کہ مسلم لیگیں اکٹھی ہوجائیں ، مسلم لیگ کو متحد کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔