07 جون ، 2012
فیصل آباد … فیصل آباد میں ٹریفک وارڈن کو بزرگ رکشا ڈرائیور پر تشدد بھاری پڑگیا، 60سالہ رکشا ڈرائیور نے تشدد کے بعد گمٹی چوک میں لیٹ کر ٹریفک بلاک کردی، ٹریفک وارڈن نے سرعام ہاتھ جوڑ کر معافی مانگ کر صورتحال سے جان چھڑائی۔ فیصل آباد کے گمٹی چوک میں اس وقت ڈرامائی صورتحال پیدا ہو گئی جب وہاں ڈیوٹی پر موجود ایک ٹریفک وارڈن اور ایک 60 سالہ بزرگ رکشہ ڈرائیور کے درمیان چالان کے معامل میں تلخ کلامی ہو گئی جس پر ٹریفک وارڈن نے مبینہ طور پر بزرگ کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، تشدد کے بعد بزرگ رکشہ ڈرائیور نے گمٹی چوک میں لیٹ کر احتجاج شروع کردیا جس کی وجہ سے وہاں سے گزرنے والی ٹریفک معطل ہوگئی۔ پولیس کے موقع پر پہنچنے پر رکشا ڈرائیور نے ٹریفک وارڈن سے سرعام معافی مانگنے کا مطالبہ کر ڈالا جس پر ٹریفک وارڈن نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگ لی اور منت سماجت کرکے بزرگ ڈرائیور سے جان چھڑائی ۔