08 جون ، 2012
لاہور … امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے امریکی وزیر دفاع لیون پینیٹا کی طرف سے پاکستان کو دھمکیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس پر سخت ردعمل کااظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستانی قوم امریکی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوگی اور نہ ہی نیٹو سپلائی کھولنے کیلئے کوئی دباوٴ قبول کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور سے کراچی روانگی سے قبل اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔ سید منور حسن کاکہناتھا کہ امریکا عرصہ دراز سے پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں کر رہاہے جو کسی خود مختار ملک میں جارحیت اور عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، اگر حکمرانوں نے امریکا کے سامنے بزدلانہ رویہ نہ اپنایا ہوتا اور اس کے سامنے بھیگی بلی نہ بنے ہوتے تو آج پاکستان کو دھمکیاں دینے کی کسی کو جرأت نہ ہوتی۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکا نے پرویز مشرف اور اس کے بعد آصف زرداری حکومت کی بزدلی کا فائدہ اٹھا کر گزشتہ 12 سال سے پاکستان کے خلاف جو غیر اعلانیہ جنگ چھیڑ رکھی ہے اب وہ اس جنگ کو علی الاعلان پاکستان پر مسلط کرنا چاہتا ہے۔