08 جون ، 2012
اسلام آباد…سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے گیس پر نئے ٹیکس کی شرح کم نہ کرنے اور صنعت، کھاد، بجلی گھر اور سی این جی کے لیے گیس پر ٹیکس بڑھانے کی سفارش کی ہے۔ تاہم سیکریٹری خزانہ نے یقین دلایا ہے کہ 16 جون کو پٹرول کے ساتھ گیس بھی سستی کی جائے گی۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس سینیٹر نسرین جلیل کی زیر صدارت ہوا۔ جس میں سینیٹر فتح محمد حسنی نے تجویز کیا کہ گیس پر نئے ٹیکس کی شرح کم کی جائے تاہم سینیٹر نسرین جلیل کے سوا کسی نے اس تجویز کی حمایت نہیں کی۔کمیٹی نے تجویز پیش کی کہ ملک میں گیس کے ذخائر کم ہیں اس لیے کھاد صنعت بجلی گھر اور سی این جی پر ٹیکس کی شرح میں اضافہ کیا جائے۔ اجلاس میں سیکریٹری خزانہ واجد رانا نے بتایا کہ گیس پر ٹیکس کی شرح زیادہ سے زیادہ چاہتے ہیں تاہم لاگو نہیں کریں گے۔