08 جون ، 2012
اسلام آباد … بالائی علاقوں میں تیز ہواوٴں کے ساتھ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس سے موسم قدرے خوشگوار ہوگیا۔ اگلے 2 روز شمالی علاقوں میں مزید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کی رات مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، بنوں، راولپنڈی، اسلام آباد، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد ڈویژن میں کہیں کہیں تیز آندھی کے ساتھ مزید بارش کی توقع ہے، سندھ اور بلوچستان میں اگلے چند روز موسم خشک اور گرم رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دادو اور سکھر 43 ڈگری کے ساتھ گرم ترین مقامات رہے، جبکہ نوابشاہ، روہڑی، جیکب آباد، لاڑکانہ، تربت، دالبندین اور سبی میں درجہ حرارت 42، ملتان 41، فیصل آباد 39، لاہور 38، اسلام آباد، پشاور 37، کراچی 36، گلگت 31 جبکہ مری میں زیادہ سے زیادہ 23 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔