09 جون ، 2012
واشنگٹن ... ایک سینئرامریکی عہدیدارنے کہاہے کہ پاک امریکاتعلقات میں مایوسی کا سبب نیٹوسپلائی کی عدم بحالی اورحقانی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی نہ ہونا ہے۔اوریہی دونوں ملکوں میں اختلافات کی وجہ ہے۔امریکی عہدیدارنے انکشاف کیا کہ نیٹو سپلائی بحال ہونے کی بنیاد پرپاکستان کوشکاگوکانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی۔کیونکہ پاکستانی قیادت اور پاکستانی سفیر کی جانب سے مختلف بیانات دیے جارہے تھے جن کاامریکا کو غلط تاثر ملا اوریہ سمجھاگیا کہ نیٹو سپلائی لائن کھول دی جائے گی۔ جس کے بعد امریکی انتظامیہ نے ہنگامی طورپرصدرزرداری کو شکاگوکانفرنس میں مدعو کرلیا۔انھوں نے مزید بتایاکہ امریکی انتظامیہ ایک نئی پاکستان پالیسی پرکام کررہی ہے۔ اس عہدے دارنے امریکا میں پاکستانی سفیرشیر ی رحمان کے گزشتہ روزکے بیان کوتنقید کانشانہ بناتے ہوئے اسے پوائنٹ اسکورنگ کی کوشش قراردیا۔ان کاکہناتھاکہ ایسے بیانات دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد اورتعلقات کی بحالی کا ذریعہ نہیں بن سکتے۔انھوں نے کہاکہ امریکی وزیردفاع اور دیگرحکام کی جانب سے پہلے بھی کئی بار حقانی نیٹ ورک کے خاتمے کیلیے پاکستان کے ساتھ مل کرکام کرنے کی خواہش کااظہارکیاجاچکاہے۔پاکستان کے ساتھ امریکا کا مفاد مشترکہ ہے اسلام آبادسے اہم اورپیچیدہ تعلقات ہیں اورچیلنجزکے باوجود ان میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔