کاروبار
09 جون ، 2012

سی این جی اسٹیشنز کی ہڑتال کا چوتھادن،عوام پریشان

 سی این جی اسٹیشنز کی ہڑتال کا چوتھادن،عوام پریشان

لاہور… سندھ کے سوا پنجاب، خیبرپختون اور بلوچستان کے بعض شہروں میں سی این جی اسٹیشنز مسلسل چوتھے دن بند ہیں جس کے باعث عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے جبکہ پٹرول مالکان بھی ہڑتال میں شامل ہو گئے ہیں۔ لاہور میں سی این جی اسٹیشنز کی ہڑتال جاری ہے ، یہاں چھٹے روز بھی گیس نہ ملنے پرصارفین مہنگا پٹرول ڈلواتے رہے اور آج پیٹرول مالکان نے بھی ہڑتال میں شمولیت کے باعث پمپ بند کر دیئے ہیں۔ ادھر سی این جی مالکان کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی۔ سی این جی مالکان کا کہنا ہے کہ سی این جی کی قیمت میں اضافہ دوہری زیادتی ہے، ایک تو ہفتے میں تین دن دستیاب نہیں ہوتی ،اوپرسے مزید مہنگی کی جارہی ہے، ان حالات میں کاروبارکیسے کیا جا سکتا ہے،، قیمت واپس لینے تک احتجاج جاری رہے گا ،،، فلنگ اسٹیشنز کے ملازمین کا کہنا ہے کہ حکومت فوری مسئلہ حل کرے ، سی این جی نہیں چلے گی تووہ روزگار سے محروم ہو جائینگے ۔ پشاور میں بیشتر سی این جی اسٹیشنز آج تیسرے روز بھی بند ہیں۔ ہڑتال سے صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔ تاہم سول کوارٹرز، رنگ روڈ اورکوہاٹ روڈ پراسٹیشنز کھلے ہیں۔ جہاں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ ان اسٹیشنز پر صارفین سے بیس سے پچیس روپے فی کلو تک اضافی رقم وصول کی جارہی ہے۔ سی این جی اسٹیشنز کی بندش سے پبلک ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں بھی دس سے پندرہ روپے اضافہ کر دیا ہے۔ کوئٹہ میں سی این جی اسٹیشنز کی جزوی ہڑتال کی جارہی ہے، ہڑتال کے باعث شہر میں کچھ سی این جی اسٹیشن کھلے ہیں جبکہ کچھ بند ہیں ، جہاں اسٹیشنز کھلے ہیں وہاں گاڑیوں کی لمبی قطاریں دیکھنے میں آرہی ہیں، جس کے باعث سی این جی کے حصول میں سی این جی صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔

مزید خبریں :