31 مئی ، 2016
آئندہ سال ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول تیار کرلیا گیا ہے،پاکستان اور بھارت چیمپئنز ٹرافی کے ایک ہی گروپ میں شامل ہیں۔
پاکستان اور بھارت کا میچ 4جون 2017 ءکو برمنگھم میں کھیلا جائے گا،آئی سی سی کل چیمپینز ٹرافی کا شیڈول باضابطہ طور پر جاری کرے گی،پاکستان کے گروپ میں سری لنکا اورجنوبی افریقا بھی شامل ہیں۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017ءکے ایڈیشن میں ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، چیمپئنز ٹرافی میں دونوں کے درمیان میچ چار جون کو ہوگا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول باضابطہ طور پر بدھ کو جاری کیا جائے گا تاہم ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ گروپس اور شیڈول فائنل ہوچکے ہیں۔
چیمپئنز ٹرافی 2017 یکم تا 18جون تک ایجبسٹن، اوول اور کارڈف میں ہوگی، پاکستانی ٹیم گروپ میچز میں بھارت، ساؤتھ افریقا اور سری لنکا سے مقابلہ کرے گی۔
روایتی حریف بھارت سے پاکستان کا مقابلہ 4جون کو ہوگا جبکہ 7جون کو ساؤتھ افریقا اور 12جون کو پاکستانی ٹیم سری لنکا سے مقابلہ کرے گی۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 18جون کو اوول میں ہوگا جبکہ 19جون کو فائنل کا ریزرو ڈے مقرر کیا گیا ہے۔