31 مئی ، 2016
معروف مصور شاہد رسام کے فنی سفر پر مبنی کتاب کا کراچی میںاجراء ہوا۔ تقریب رونمائی کی تفصیلات اس رپورٹ میں۔
نامور فائن آرٹسٹ شاہد رسام کی شخصیت و فن سے متعلق آرٹ کے معروف نقاد اور سینئر مورخ، ڈاکٹر اکبر نقوی کی تحریر کردہ اس کتاب کا عنوان ’سینس اینڈ اِن سینیٹی‘ ہے۔
پاکستان، برطانیہ، دبئی، اٹلی، فرانس اور بھارت سمیت شاہد رسام کے طویل اور وسیع تخلیقی سفر کے چرچے دنیا کے 40 سے زائد ممالک میں ہیں، جس پر مبنی اس کتاب کا دیباچہ عہد ساز مزاح نگار، مشتاق احمد یوسفی نے تحریر کیا ہے۔
غالب اور کئی شعراء کے کلام کو رنگوں میں ڈھالنے والے مصور کی زندگی اور فن کے بارے میں اس کتاب کی تقریب رونمائی کا انعقاد کراچی آرٹس کونسل میں ہوا۔
مشتاق احمد یوسفی کی صدارت میں منعقدہ تقریب میں انور مقصود، نورجہاں بلگرامی، مارجوری حیسن سمیت آرٹ کے دیگر بڑے لکھاریوں نے آرٹسٹ کے فنی سفر پر اپنی رائے کا اظہار کیا۔
شاہد رسام اور ان کے آرٹ پر تحریر کردہ کتاب کے حوالے سے یہ تقریب فنکاروں کے علاوہ آرٹ کے چاہنے والوں کی توجہ کا بھی مرکز رہی۔