03 جون ، 2016
ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے فٹبال کےشہرہ آفاق کھلاڑی لیونیل میسی نے ٹیکس چوری کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے مالی معاملات میں ان کا کوئی عمل دخل نہیں ،وہ فٹ بال کھیلتے ہیں اور کچھ نہیں جانتے۔
اپنے والد کے ہمراہ عدالت میں موجود بارسلونا فٹ بال کلب کے کھلاڑی لیونیل میسی کوچار گھنٹے تک اپنے خلاف پیش کیے جانے والے شواہد کے بعداپنی صفائی پیش کرنے کا موقع دیا گیا۔
میسی نے عدالت کے سامنے موقف اختیار کیا کہ انھوں نےپڑھےبغیر تمام دستاویزات پر دستخط کیے کیونکہ انھیں اپنے والد اور مالی معاملات دیکھنے والے مشیروں پر مکمل بھروسہ تھا۔
میسی نے جج کو بتایا کہ انھیں کسی غلط چیز کے بارے میں بالکل شبہ تک نہیں ۔ ان کے والد جارج میسی نے بھی الزامات کی تردید کی ہے۔ مقدمے کا فیصلہ اگلے ہفتے سنائے جانے کا امکان ہے۔
ا سپین کے حکام نے میسی اور ان کے والد پر الزام عائد کیا ہے کہ انھوں نے ’ایمج رائٹس‘ سے ہونے والی آمدنی کو بیلیز اور یوروگوائے میں ٹیکس چھپانے کے لیے آف شور کمپنی میں جمع کیے۔
یہ بھی الزام ہے کہ انھوں نے لیونل میسی کی تصاویر کے حقوق سے حاصل ہونے والی آمدن میں سے ہسپانوی حکام کو2007 سے 2009 کے درمیان ٹیکس کی مد میں 45 لاکھ امریکی ڈالر ادا نہیں کیے۔