09 جون ، 2012
پشاور … خیبر پختونخوا وائس چانسلرز نے سرکاری جامعات کے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں حالیہ اضافے کی رقوم ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے رقم وصول ہونے تک ادا نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ خیبر پختونخوا وائس چانسلرز کا اجلاس پشاور میں ہوا۔ جس کی صدارت سید ا متیاز حسین گیلانی نے کی۔ اجلاس میں اس امر پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ جاری اخراجات کی مد میں جو بجٹ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو بھجوایا گیا وہ بھی ابھی تک فراہم نہیں کیا گیا جبکہ خدشہ ظاہر کیا گیا کہ ترقیاتی بجٹ نہ دیا گیا تو جاری ترقیاتی کاموں پر کام رک سکتا ہے۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ خیبر پختونخوا یونی ورسٹیز ایکٹ 2012ء میں موجود خامیوں کو دور کیا جائے اور اسے یونی ورسٹی آف پشاور ایکٹ 2011ء کے تحت کیا جائے۔