07 جون ، 2016
کیا آپ جانتے ہیں باکسنگ کے کنگ محمد علی بھارتی ریاست کیرالہ میں پلے بڑھے،انہوں نے کئی مقابلوں میں گولڈ میڈل جیت کر بھارتی ریاست کا نام روشن کیا،یہ ہمارا نہیں بلکہ بھارتی ریاست کیرالہ کے وزیر کھیل کا دعویٰ ہے۔
بوکھلاہٹ،لاعلمی،یا پھر وہی رٹے رٹائے بیانات،بھارتی ٹی وی چینل نے جب لیجنڈ محمدعلی کےانتقال پر بھارتی ریاست کیرالہ کے وزیر کھیل سے بات کی تو انہوں نے انکشافات کے ڈھیر لگا دیئے،محمد علی کا تعلق کیرالہ سے جوڑ دیا۔
اینکر نے محمد علی کا تعارف کرانے کے بعد وزیر کھیل ای پی جے اراجن سے ان کی رائے پوچھی تو وہ بولےمجھے ابھی پتا چلا کہ محمد علی امریکا میں انتقال کر گئے ہیں،وہ کیرالہ کے ایک لیجنڈ کھلاڑی تھے،انہوں نے کئی اسپورٹس مقابلوں میں گولڈ میڈل جیت کر کیرالہ کا سر فخر سے بلند کیا۔
ٹی وی اینکر کی طرح جو بھی وزیر کھیل کا یہ بیان سن رہا تھا وہ حیران رہ گیا، لیکن جے اراجن انتہائی خود اعتمادی کے ساتھ بیپر دے رہے تھے، شاہد وہ خود بھی نہیں جانتے تھے کہ وہ کیا کہہ رہے ہیں۔
وزیر کھیل نے کہا کہ میں کیرالہ کی اسپورٹس کمیونٹی کی طرف سے اس سانحے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتا ہوں،محمد علی کی موت ریاست کیرالہ کےلئےایک ناقابل برداشت نقصان ہے۔وزیر کھیل کے اس بے وقوفانہ بیان نے دنیا بھر میں بھارت کا مذاق بنا ڈالا۔